1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسٹراس بُرگ میں جرمنی، فرانس اور اٹلی کی قیادت کا اجلاس

24 نومبر 2011

جمعرات کو اسٹراس بُرگ میں یورو زون کی تین بڑی معیشتوں فرانس، جرمنی اور اٹلی کی اعلٰی قیادت کا اجلاس ہو رہا ہے جس کا مقصد یورپ کے قرضوں کے سنگین بحران سے نمٹنے کے لیے اپنے اختلافات کو حل کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/13GFD
تصویر: dapd

فرانس کے صدر نکولا سارکوزی، جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور اٹلی کے وزیر اعظم ماریو مونٹی مل بیٹھ کر مالیاتی نظم و نسق کی اصلاحات کے ذریعے 17 ملکی بلاک کی بانڈ مارکیٹوں کو مطمئن کرنے کے طریقوں پر تبادلہ ء خیال کریں گے۔ یورو زون کے قرضوں کا بحران ایک گھمبیر شکل اختیار کرتا جا رہا ہے اور خدشہ ہے کہ کہیں یہ اسپین اور یورو زون کے مزید ملکوں کو اپنی لپیٹ میں نہ لے لے۔

سارکوزی کا ایک ہدف یہ بھی ہے کہ وہ فرانس کی ٹرپل اے کریڈٹ ریٹنگ کو برقرار رکھیں کیونکہ دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے کے لیے یہ ان کی ساکھ کا مسئلہ ہے۔

یورو زون کی سب سے مضبوط سمجھی جانے والی جرمن معیشت ابھی تک اس طوفان سے محفوظ ہے مگر اس کی طویل المیعاد اقتصادی طاقت کا انحصار اس کے یورپی یونین کے تجارتی شراکت داروں کے اپنے خساروں کو کم کرنے اور معیشتوں کو مستحکم کرنے پر ہے۔

PK Mario Monti designierter italienischer Regierungschef
اٹلی کے ذمے قرض 1.9 ٹریلین یورو ہےتصویر: dapd

فرانس نے اسٹراس بُرگ کے اجلاس سے کافی توقعات وابستہ کی ہیں اور فرانس کے وزیر اعظم فرانسوا فیوں نے اسے انتہائی اہم قرار دیا ہے، تاہم ماریو مونٹی نے اسے اپنا ایک غیر رسمی دورہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔

اٹلی کو یہ شکایت رہی ہے کہ یورو زون بحران کو حل کرنے کے معاملے میں فرانس اور جرمنی کا غلبہ ہے۔ یورپی یونین کے سابق کمشنر مونٹی کے خیال میں اس کے حل میں تمام یورپ کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

مونٹی کے پیشرو برلسکونی کے دور میں اٹلی کے جی ایٹ کے رکن اور یورو زون کی تیسری بڑی معیشت ہونے کی ساکھ کو دھچکا لگا تھا۔ برسلز میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کے ایک روز بعد اسٹراس بُرگ میں میرکل اور سارکوزی کے ساتھ ملاقات کے ذریعے ماریو مونٹی روم کا اثر و رسوخ کچھ بڑھنے کی توقع کر رہے ہیں۔

تاہم فرانس اور جرمنی کے درمیان اس بحران کو حل کرنے کے بارے میں ابھی بھی اختلافات پائے جاتے ہیں۔

بدھ کو سارکوزی کے وزیر خزانہ فرانکوئی بارواں (Francois Baroin) نے ایک بار پھر جرمنی سے مطالبہ کیا کہ وہ یورپی مرکزی بینک کو آخری چارہ کار کے طور پر یورپ کو قرض دینے کی اجازت کی مخالفت ترک کر دے۔

Europäische Zentralbank, Frankfurt am Main Flash-Galerie
جرمنی یورپی مرکزی بینک کی جانب سے بحران کو حل کرنے کے لیے اضافی یورو نوٹ چھاپنے کا مخالف ہےتصویر: AP

فرانس اور یورو زون کے کئی دیگر اراکین یہ محسوس کرتے ہیں کہ اگر یورپی مرکزی بینک کو قرضوں کو زری شکل دینے کی اجازت دی جائے تو اس سے منڈیوں میں ممکنہ نادہندگیوں کی قیاس آرائیاں ختم ہو جائیں گی۔

تاہم عالمی جنگ کے دنوں میں شدید افراط زر کی تلخ یادوں سے محتاط جرمنی ہر اس قدم کی مخالفت کر رہا ہے جس سے بظاہر مزید یورو نوٹ چھاپے جائیں۔ اس کے نتیجے میں یورپی مرکزی بینک کی خودمختاری اور افراط زر پر قابو پانے کا اس کا اختیار کمزور ہو رہا ہے۔

جرمنی 26 اور 27 اکتوبر کو برسلز میں دستخط ہونے والے ایک معاہدے پر زور دے رہا ہے جس کے تحت European Financial Stability Facility کے اختیارات اور سرمایے میں اضافہ کیا جائے گا۔ اگرچہ یہ فنڈ بیل آؤٹ کے مقصد کے لیے ہے مگر یہ اٹلی کے دیو قامت قرضے کے لحاظ سے بہت تھوڑی رقم پر مشتمل ہے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں