اسٹار ٹریک کے پچاس سال
سائنس فکشن امریکی ٹی وی سیریل اسٹار ٹریک کو پچاس سال ہو گئے ہیں۔ ان پانچ دہائیوں میں اسے پسند کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہی ہوا ہے۔ اس نام سے کئی فلمیں بھی بن چکی ہیں۔
اسٹار ٹریک کی شروعات
اسٹار ٹریک کی ابتداء 1966ء میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد اس ٹی وی سیریل کو 1979ء میں ناظرین کی عدم دلچسپی کی باعث بند کر دیا گیا تھا۔ ان پانچ دہائیوں کے دوران اسی نام سے پانچ مزید سیریل، تیرہ فیچر فلمیں، کومکس، کتابیں اور ویڈیو گیمز بازار میں متعارف کرائے گئے۔
تاریخی بوسہ
تصویر کے داہنے طرف اوپر کی جانب کیپٹن کرک ( ولیم سیتھنر) اور آفیسر اوہورا ( نیشیل نکہولس) دکھائی دے رہے ہیں۔ 1968ء میں ان کے بوسے نے امریکا میں قدامت پسند حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ یہ دو مختلف نسلوں اور پس منظر سے تعلق رکھنے والوں کے مابین ایک ایسا بوسہ تھا، جو نسل پرستی کے خلاف ایک پیغام بھی تھا۔ نکہولس کسی امریکی فلم یا ٹی وی سیریل میں مرکزی کردار ادا کرنے والی پہلی ایفرو امریکن اداکارہ تھیں۔
بالوں کا غیر معمولی انداز
مسٹر اسپوک اسٹار شپ انٹرپرائز پر سائنٹیفک آفیسر تھے۔ یہ کردار طویل عرصے تک ادکار لیونارڈ نیموئے ادا کرتے رہے۔ ان کا انتقال 2015ء میں ہوا۔ نیموئے کے غیر معمولی ہیئر اسٹائل نے 1960ء کی دہائی میں بہت سے نوجوانوں کو متاثر کیا تھا۔
’کلنگون‘ مشہور زبان
اس سائنس فکشن ٹی وی سیریل میں ’کلنگون‘ کے نام سے ایک خیالی بولی بھی متعارف کرائی گئی، یہ زبان کرونوس نامی سیارے پر رہنے والے افراد بولتے تھے۔ یہ زبان 1984ء میں ماہر لسانیات پروفیسر مارک اوکرینڈ نے تخلیق کی تھی۔ اس زبان کے الفاظ اور گرامر ’کلنگون‘ کی ڈکشنری میں موجود ہیں۔ اسی وجہ سے اسٹار ٹریک کے بہت سے مداحوں نے اسے سیکھنے کی کوشش بھی کی۔ اس کے علاوہ ’کلنگون‘ میں موسیقی بھی ترتیب دی گئی ہے۔
عقیدت مند مداح
اسٹار ٹریک کے پرستاروں کو ’ٹریکیز‘ کہا جاتا ہے۔ 35 سالہ یرگن کائزر بھی ایک ٹریکی ہیں اور 2005ء میں اس ٹی وی سیریل کا بند ہونا ان کے لیے ایک صدمے سے کم نہیں تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے تئیں اسٹار ٹریک فلم بنانا شروع کی۔ سات سال بعد یہ پرستار فلم بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ ایک گھنٹہ دورانیے کی اس فلم میں جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی تھی۔
دستاویزی فلم ’ٹریکیز‘
1997ء میں ٹریکیز نامی دستاویزی فلم راجر نائیگارڈ کی پیش کش تھی۔ اس فلم کی ریلیز کے وقت اسٹار ٹریک کے پرستاروں کی خوشی قابل دید تھی۔ زیادہ تر ٹریکیز اس فلم کے دیکھنے کے لیے اپنے من پسند کرداروں کے کاسٹیومز ہی زیب تن کیے ہوئے تھے اور یہ لوگ کلنگون میں ہی بات کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
جرمن مداحوں کی فیڈریشن
1966ء کے بعد سے اسٹار ٹریک کے مداحوں کے تعداد میں مستقل اضافہ ہی ہوتا رہا ہے۔ جرمنی میں ٹریکیز ہر سال اپنا ایک بڑا اجلاس بھی منعقد کرتے ہیں، جسے فیڈریشن کنونشن کہا جاتا ہے۔ اس سال جرمنی بھر سے پانچ ہزار ٹریکیز اکھٹے ہوئے اور اپنا پچیسواں یوم تاسیس منایا۔
کوس پلے
کوس پلے کی ابتدا جاپان سے ہوئی تھی۔ اس میں لوگ تفریح میں اپنے من پسند فکشن کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹریکیز بھی کوس پلے کو پسند کرتے ہیں۔
جرمنی میں نقل
دنیا بھر میں اسٹار ٹریک کی نقل تیار کی گئی ہیں۔ یہ اسٹار ٹریک کی جرمن پیروڈی کی ایک تصویر ہے، جس میں اداکار مشائیل بولی اپنے عملے کے ساتھ اسپیس یا خلائی ٹیکسی میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
خلاء میں راکھ
اسٹار ٹریک کے بانی جینی روڈن بیری ان چند اوّلین لوگوں میں شمار کیے جاتے ہیں، جن کی باقیات کو راکھ کی صورت میں خلاء میں پہنچایا گیا۔ ایک امریکی کمپنی راکھ کو خلاء تک لے جانے کی سروس مہیا کرتی ہے اور اس دوران سات گرام راکھ کو زمین سے ساڑھے پانچ سو سے آٹھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر خلاء میں بکھیر دیا جاتا ہے۔