1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد میں نیو یارک ٹائمز کے نامہ نگار کے گھر پر چھاپہ

عدنان اسحاق12 جنوری 2016

پاکستانی دارالحکومت میں امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مقامی نامہ نگار سلمان مسعود کے گھر کی تلاشی لی گئی ہے۔ مسعود کے مطابق رینجرز اور پولیس کے اہلکاروں نے انہیں اس چھاپے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

https://p.dw.com/p/1Hbib
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

سلمان مسعود نے بتایا کہ آج منگل کو علی الصبح قانون نافذ کرنے والے اداروں کے متعدد اہلکار ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ ان کے بقول ان درجنوں اہلکاروں میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کے ارکان شامل تھے۔ ’’ان افراد نے گھر اور احاطے کی تلاشی لی اور مجھے اس کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔‘‘ مسعود کے بقول ان سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اس دوران کوئی وارنٹ یا کسی قسم کی کوئی اور دستاویز بھی نہ دکھائی۔

پاکستانی شہری سلمان مسعود نیو یارک ٹائمز کے پاکستانی دفتر کے سربراہ ڈیکلن والش کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ آئرش صحافی والش کو 2013ء میں پاکستان سے نکال دیا گیا تھا۔ انہیں وزارت داخلہ کے کہنے پر ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے بلیک لسٹ کر کے ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ والش کو اب پاسپورٹ اور امیگریشن حکام کی اجازت کے بغیر پاکستان کا ویزا بھی جاری نہیں کیا جائے گا۔

پاکستان میں وہ صحافی، جو سلامتی کے اداروں اور طالبان عسکریت پسندوں کے مابین جاری تنازعے کو رپورٹ کرتے ہیں، انہیں اکثر دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق صحافیوں کو یہ دھکمیاں طالبان اور سرکاری اداروں دونوں کی جانب سے دی جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے پاکستان کا شمار صحافیوں کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں ہوتا ہے۔

سلمان مسعود نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے گھر پر مارے جانے والے چھاپے کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ ان کے مطابق اس دوران ایک شخص سادے کپڑوں میں بھی تھا اور بقول اُس کے اس کا تعلق ایک خفیہ ایجنسی سے تھا۔ تاہم اس شخص نے اپنی کوئی شناخت پیش نہ کی۔ سلمان مسعود نے اس دوران اتاری گئی تصاویر بھی ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہیں۔