1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیل کی دفاعی سیاست، بنیادی تبدیلیاں ضروری

15 دسمبر 2011

اسرائیل میں ان دنوں ایران کی وجہ سے لاحق خطرات پر بھر پور بحث جاری ہے۔ یہ بات طے ہے کہ درمیانے فاصلے تک مار کر سکنے والے ایرانی راکٹ تل ابیب اور کئی دوسرے اسرائیلی شہروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13Tej
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہوتصویر: picture alliance / dpa

اسرائیلی سیاستدان اور فوجی ماہرین لبنان، شام اور شمال میں واقع دیگر ہمسایہ ریاستوں کی صورت حال پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل کی دفاعی سیاست میں فوری اور بنیادی تبدیلیاں لائی جانا چاہییں۔

Libanon Hisbollah Scheich Hassan Nasrallah Ansprache in Beirut
حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہتصویر: dapd

یہ بات روز روز دیکھنے میں نہیں آتی کہ اسرائیل کے فوجی امور کے Uzi Rubin جیسے ماہر فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کا حوالہ دیں۔ لیکن اُوزی رُوبن کے بقول حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کا یہ کہنا بجا ہے کہ اب کوئی بھی نئی جنگ خطے میں بالکل نئی طرح کی جنگ ہو گی۔ ایک ایسی لڑائی جو باقاعدہ جنگ اور جنگی نوعیت کی گوریلا کارروائیوں کا امتزاج ہو گی۔

اسرائیلی کمزوری

اُوزی رُوبن کے مطابق مشرق وسطیٰ کے خطے میں اب اگر دوبارہ کوئی نئی کشیدگی پیدا ہوئی تو اسرائیل کو بس ایک ہی بات سے خوفزدہ ہونا ہو گا، یعنی راکٹ۔ وہ کہتے ہیں، ’’اس لیے کہ اس خطرے کا اسرائیل کے پاس ابھی تک کوئی مؤثر جواب نہیں ہے۔ جنگی طیاروں اور زمینی دستوں کی مدد سے کیے جانے والے حملوں کے خلاف ہم پوری طرح تیار ہیں۔ لیکن راکٹوں سے حملوں کے خلاف ہمارا دفاع ابھی تک اچھا نہیں ہے۔‘‘

حزب اللہ نے ایسے راکٹ نہ تو زیادہ آبادی والے علاقوں میں چھپا رکھے ہیں اور نہ ہی وہ زیادہ گنجان آباد علاقوں سے فائر کیے جاتے ہیں۔ نومبر کے آخر میں اور پھر ایک مرتبہ اس ہفتے کے دوران بھی ایسے راکٹ لبنان سے اسرائیل کی طرف فائر کیے گئے۔ ایسا قریب دو سال تک قدرے سکون رہنے کے بعد پہلی مرتبہ دیکھنے میں آیا۔

ان میں سے نومبر میں فائر کیے گئے راکٹ صرف مادی نقصان کا باعث بنے اور ایک گیس اسٹیشن ان کی زد میں آیا لیکن کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تھا۔ اس ہفتے جو راکٹ فائر کیے گئے، ان میں سے ایک لبنان کے اندر ہی سرحدی علاقے میں گرا۔

خطرات میں اضافہ

اُوزی رُوبن اسرائیلی وزارت دفاع کے راکٹوں سے حملوں کے خلاف بچاؤ سے متعلقہ امور کے ایک سابقہ ماہر ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اس حوالے سے اسرائیل کو درپیش خطرات میں بہت اضافہ ہو چکا ہے۔ ان کے بقول گزشتہ چند برسوں کے دوران لبنان میں حزب اللہ کے پاس موجود راکٹوں کے ذخیرے میں چار گنا سے زائد کا اضافہ ہو چکا ہے۔

Israel Gazastreifen Luftangriff
غزہ پٹی کے علاقے میں ایک اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کا منظر، فائل فوٹوتصویر: dapd

اسرائیل کے دفاعی اسٹریٹیجی کے اس ماہر کے مطابق خطرہ صرف حزب اللہ سے ہی نہیں جو ان کے بقول لبنان میں ایران کی نمائندہ فوج ہے بلکہ دوسرا خطرہ شام سے بھی ہے، جہاں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک بھی اپنے اندر خطرہ لیے ہوئے ہے۔

وہ کہتے ہیں، ’’یہ خطرہ اس لیے ہے کہ بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کی صورت میں شامی ہتھیاروں کا ذخیرہ حزب اللہ اور دیگر انتہا پسند تنظیموں کے ہاتھوں میں آ سکتا ہے۔‘‘

اُوزی رُوبن کے مطابق اب یہ کام اسرائیلی سیاستدانوں کا ہے کہ وہ کافی ثابت ہو سکنے والے دفاعی راکٹ نظام کے لیے مالی وسائل مہیا کریں۔

رپورٹ: کرسٹیان واگنر، تل ابیب / مقبول ملک

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں