1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسرائیلی فوجی کارروائی جاری

خبر رساں ادارے12 جنوری 2009

غزہ پر تازہ اسرائیلی حملوں میں پیر کو کم از کم چھ مزید فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ 27 دسمبر سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 900 سے تجاوز کر گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/GWWs
تصویر: AP

تقریبا چار ہزار فلسطینی زخمی ہیں جبکہ مرنے والوں میں 277 بچے بھی شامل ہیں۔ اس لڑائی کے 17 دن میں اسرائیل کے دس فوجیوں سمیت 13 اسرائیلی بھی ہلاک ہو چکے ہیںِ۔

اسرائیل کی زمینی فوج غزہ پٹی کے اندرونی علاقوں میں بھی موجود ہے جہاں وہ غزہ کے گنجان آباد علاقوں کا محاصرہ کئے ہوئے ہے۔

Dossierbild zum Krieg in Gaza 2
تصویر: picture-alliance/ dpa

ا‌ُدھر اسرائیل اور حماس پر فائربندی کے لئے بین الاقوامی دباؤ بدستور برقرار ہے۔ مصری دارالحکومت قاہرہ ان کوششوں کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں مشرق وسطیٰ کے لئے عالمی مندوب ٹونی بلیئر موجود ہیں۔ جرمنی کے وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر بھی مشرق وسطیٰ کا دورہ کر چکے ہیں جہاں انہوں نے اسرائیلی حکام سے ملاقات کی۔ بعدازاں ایک بیان میں انہوں نے جرمنی کا مؤقف کچھ یوں بیان کیا: "غزہ میں فوری فائر بندی ہونی چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیل کی سلامتی کا پہلو بھی شامل ہونا چاہئے۔ حماس کي طرف سے اسرائیل پر راکٹ حملے بند ہوجانے چاہئیں۔ اس کے ساتھ ہی حماس کو اسلحے کی تر سيل اور ازسر نو مسلح ہونے سے روکنا بھی ضروری ہے۔ "

پیرس میں فرانس کے وزیر خارجہ Bernard Kouchner نے ایک بیان میں کہا کہ ممکنہ فائر بندی کی نگرانی کے لئے یورپی عسکری مبصرین کو غزہ بھیجا جانا چاہئے۔

Israelische Bodenoffensive
عسکریت پسند تنظیم حماس پر دباؤ ڈالنے کے لئے اسرائیل نےغزہ میں ریزرو فوج بھی تعینات کر دی ہےتصویر: pa / dpa

دوسری جانب اسرائیل اور حماس، دونوں کی جانب سے کسی لچک کا مظٓاہرہ دیکھنے کو نہیں مل رہا۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی حملے بھی جاری ہیں۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب فضائی حملوں میں اسرائیل نے 12 نئے اہداف کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی نیوی نے بھی پیر کو غزہ شہر پر 25 شیل فائر کئے۔ حماس کی جانب سے پیر کو اسرائیلی علاقے پر تین راکٹ فائر کئے گئے۔

اسرائیل کے حکومتی ترجمان Mark Regev نے کہا ہے کہ وہ جنگ کے اہداف کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

"ہم کامیابی سے حماس پر حاوی ہو چکے ہیں ۔ ۔ ۔ ہمارے خفیہ اداروں کا کہنا ہے کہ حماس کی قیادت گبھراہٹ کا شکار ہے اور جب تک ہمارے وزیراعظم اہداف کو مکمل طور پر حاصل کرنے کا اعلان نہیں کر دیتے، ہم حماس پر دباؤ برقرار رکھیں گے ۔"

Israelisches Haus von Rakete zerstört
تصویر: AP

ایک بین الاقوامی خبررساں ادارے نے حماس کے رہنما اسمٰعیل Radwan کے ای میل پیغام کے حوالے سے بتایا کہ حماس اسرائیل کی جانب سے حملے رکنے اور غزہ پٹی سے اسرائیلی فوجیوں کے نکلنے سے قبل فائر بندی پر غور نہیں کرے گی۔

اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسرائیل کی زمینی فوج کی غزہ میں موجودگی سے شہریوں کی مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔