1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ابوظہبی کا پیسہ ، مرسڈیز کے لئے ایندھن جیسا

ندیم گل24 مارچ 2009

مرسڈیز بینز کاریں بنانے والی جرمن کمپنی ڈائملر نے ابوظہبی کے ایک فنڈ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد سکون کا سانس لیا ہے۔ عالمی اقتصادی بحران کے تناظر میں اس پیش رفت کو ڈائملر کے لئے مثبت قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/HIuh
ڈائملر فیکٹری کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/ ZB

ابوظہبی کے آبار انویسٹمنٹ فنڈ نے تقریبا دو بلین یورو میں ڈائملر کے نو اعشاریہ ایک فیصد حصص خریدے ہیں۔ اس طرح ابو ظہبی کے سرکاری ادارے انٹرنیشنل پیٹرولیئم انویسٹمنٹ کمپنی کے زیر انتظام کام کرنے والا فنڈ آبار جرمن کارساز ادارے کا سب سے بڑا شیئر ہولڈر بن گیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر کویت ہے جس کے پاس بھی چھ اعشاریہ نو فیصد شیئرز ہیں۔

Deutschland Auto Daimler Pressekonferenz in Stuttgart
ڈائملر کے چیف ایگزیکٹو Dieter Zetsche نے جرمن شہر شٹٹ گارٹ میں عرب سرمایہ کارخادم القبیئسی ایک نیوز کانفرنس میںتصویر: picture-alliance/ dpa

ڈائملر کے چیف ایگزیکٹو Dieter Zetsche نے جرمن شہر شٹٹ گارٹ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا، یہ معاہدہ اس بات کی واضح دلیل ہے کہ سرمایہ کار ڈائملر کی حکمت عملی سے متاثر ہیں۔ اس موقع پر آبار انویسٹمنٹ کے صدرخادم القبیئسی نے کہا کہ جرمن صنعت کے بارے میں ان کی رائے انتہائی مثبت ہے، یعنی جب خلیج میں بیٹھ کر جرمنی کی بات کی جاتی ہے تو اس کا مطلب ہوتا ہے ٹیکنالوجی اور بہتر انتظامیہ۔ خادم القبیئسی کا کہنا تھا کہ وہ محض سرمایہ کاری پر نہیں بلکہ طویل المدت سرمایہ کاری پر یقین رکھتے ہیں۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان نے ڈائملر اور آبار کے درمیان سرمایہ کاری کے معاہدے کو مثبت قرار دیا ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں نے بھی اسے سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابوظہبی کے لئے یہ معاہدہ توانائی کے شعبے سے ہٹ کر سرمایہ کاری کا ایک اور موقع ہے۔

عالمی اقتصادی بحران کے اس دَور میں گزشتہ سال کے آخر میں دیگر کارساز اداروں کی طرح ڈائملر کا کاروبار بھی منفی رہا۔ گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی میں اسے ایک بلین یورو کا نقصان اٹھانا پڑا۔ گزشتہ 12 ماہ میں اس کے حصص کی قیمتیں 60 فیصد گر چکی ہیں۔ کمپنی کی انتظامیہ پہلے ہی خبردار کر چکی ہے کہ اسے رواں سال بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

آبار انویسٹمنٹ فنڈ کے ساتھ اس کاروباری شراکت کے بعد ڈائملر کے لئے ایک اور اچھی خبر یہ ہے کہ دبئی نے بھی اس کے ساتھ 260 بسوں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے۔

اس معاہدے کے تحت ڈائملر دبئی کو 33 نشستوں پر مبنی 12 میٹر طویل Citaro ماڈل کی بسیں فراہم کرے گی۔ دبئی میں پہلے ہی اس ماڈل کی 80 بسیں استعمال کی جارہی ہیں۔