1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ابتہاج محمد: حجاب پہننے والی پہلی خاتون ایتھلیٹ

14 مارچ 2016

رواں برس کے ریو اولمپکس میں ابتہاج محمد پہلی خاتون ایتھلیٹ ہوں گی جو حجاب پہن کر اپنے ڈسپلن میں شرکت کریں گی۔ وہ سن 2013 میں تلوار بازی کی ورلڈ چیمپین شپ میں کانسی کا تمغہ جیت چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IClY
ابتہاج محمدتصویر: AP

امریکی ریاست نیو جرسی میں پیدا ہونے والی خاتون ایتھلیٹ کو پیدائشی ایتھلیٹ کے طور پر لیا جاتا ہے۔ وہ اپنے مسلمان اور امریکی ہونے پر فخر کرتی ہیں۔ رواں برس برازیل کے مشہور بندرگاہی شہر ریو ڈی جنیرو میں کھیلے جانے والے گرمائی اولمپکس میں وہ اولمپک گیمز کی تاریخ کی پہلی امریکی کھلاڑی ہوں گی جو حجاب پہن کر شرکت کریں گی۔ اِس کے علاوہ وہ پہلی امریکی خاتون ایتھلیٹ بھی ہوں گی، جسےحجاب پہن کر کسی انٹرنیشنل میگا اسپورٹس ٹورنامنٹ میں امریکا کی نمائندگی کی اجازت دی گئی ہے۔

ابتہاج محمد ایک سابقہ پرائیویٹ سراغ رسان کی منجھلی بیٹی ہیں۔ خاتون کھلاڑی کے والد اسپیشل ایجوکیشن کے استاد بھی رہ چکے ہیں۔ ایک مذہبی مسلمان گھرانے میں پیدا ہونے والی لڑکی نے تلوار بازی میں اتنی مہارت حاصل کی کہ امریکی تلوار بازی کی قومی فیڈریشن اُس کو نظرانداز نہیں کر سکی۔ وہ ملک کے اندر سر پر حجاب پہن کر ٹریننگ اور مقابلوں میں شرکت کرتی ہیں۔ اُس کی اِس وقت عمر تیس برس ہے۔ ابتہاج کا خیال ہے کہ وہ حجاب پہن کر اولمپکس میں شریک ہو کر کئی امریکیوں میں پائے جانے والے اسلام مخالف جذبات میں کمی پیدا کر سکتی ہیں۔

Brasilien Rio de Janeiro Olympische Spiele 2016
رواں برس گرمائی اولمپکس برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقد ہوں گےتصویر: picture-alliance/dpa/M.Sayao

ابتہاج محمد نے بچپن میں تقریباً ہر کھیل میں حصہ لیا ہے۔ وہ سافٹ بال سے ٹینس کورٹ تک کھیلتی رہی ہیں۔ وہ آستینوں کے بغیر اور نیکر پہن کر کھیلنے والی لڑکیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل اپنی یونیفارم کو تبدیل کرتی چلی گئیں۔ انجام کار انہوں نے تلوار بازی کے کھیل کو مستقل طور پر اپنانے کا فیصلہ کر لیا اور جب یہ فیصلہ کیا تو اُس کی عمر صرف بارہ برس تھی اور اِس کی وجہ یہ تھی کہ تلوار بازی میں کھلاڑی کو سر سے پاؤں تک یونیفارم پہننا پڑتا ہے۔ اس کا مختلف کھیلوں میں ترمیم شدہ یونیفارم پہن کر کھیلنے کا سلسلہ رک گیا اور ابتہاج کو یقین ہو گیا کہ وہ ایک اسپورٹس ویمن بن سکتی ہیں کیونکہ تلوار بازی کا یونیفارم اُس کی صلاحیتوں کے اظہار میں حائل نہیں ہو رہا تھا۔

ابتہاج محمد ایک ایسے وقت میں ریو اولمپکس میں شریک ہونے والی ہیں جب امریکا کے اندر رواں برس کے صدارتی الیکشن کے لیے ری پبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹیوں کی جانب سے نامزدگی کے حصول کی کشمکش جاری ہے۔ ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے ارب پتی کارباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل اسلام مخالف مؤقف اپنائے ہوئے ہیں۔ خواتین کی تلوار بازی کی عالمی درجہ بندی میں ساتویں پوزیشن کی حامل امریکی ایتھلیٹ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں سے خوف کھانے والے حقیقت میں اپنے اندرونی خوف میں مبتلا ہیں۔