1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آگ لگنے کے واقعات پر سام سنگ گیلکسی نوٹ سیون بند

عاطف توقیر
10 اکتوبر 2016

سام سنگ نے اپنے نئے گیلیکسی نوٹ سیون کی پروڈکشن معطل کر دی ہے۔ کورین موبائل ساز کمپنی کے اس نئے فون کی بیٹری پھٹنے کی اطلاعات تواتر سے آ رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/2R4Z8
Samsung Galaxy Note 7
تصویر: Getty Images/AFP/G. Baker

سام سنگ نے چند ہفتے قبل مارکیٹ سے یہ تمام فون واپس منگوا لیے تھے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گرم ہونے پر اس موبائل فون کی بیٹری پھٹ جاتی ہے اور آگ لگ جاتی ہے۔

کوریائی خبر رساں ادارے یُن ہاپ نے پیر کے روز بتایا ہے کہ سام سنگ نے یہ فیصلہ جنوبی کوریا، امریکا اور چین کے حکام کی جانب سے صارفین کی سلامتی سے متعلق تعاون کرتے ہوئے کیا ہے اور اب گیلیکسی نوٹ سیون کی تیاری روک دی گئی ہے۔ سام سنگ کے ایک سپلائر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس سلسلے میں ویت نام میں قائم سام سنگ کی بین الاقوامی سپلائی کا ذمہ دار پلانٹ بھی اب اس فون کی تیاری روک چکا ہے۔‘‘

Samsung Galaxy Note 7 Recall
یہ فون مارکیٹ سے واپس منگوایا جا چکا ہےتصویر: Getty Images/G. Frey

سام سنگ کی جانب سے فی الحال ان خبروں پر تبصرہ نہیں کیا گیا ہے، تاہم امریکی اخبار ’دی وال اسٹریٹ جرنل‘ نے بھی بتایا ہے کہ نوٹ سیون کی پیداوار روک دی گئی ہے۔

اس سے قبل دنیا کے اس سب سے بڑے موبائل ساز ادارے نے اگست کی 19 تاریخ کو یہ فون متعارف کروایا تھا اور مارکیٹ میں لانے کے صرف ایک ہی ماہ میں ڈھائی ملین موبائل فون صارفین تک پہنچ گئے تھے، جنہیں بعد میں واپس منگوایا گیا۔ اس فون کے حوالے سے مسلسل یہ رپورٹیں سامنے آئی تھیں کہ فروخت کیے گئے چند گیلیکسی نوٹ سیون فون سیٹس کی بیٹری گرم ہونے پر پھٹ پڑی۔ بعد میں ان موبائل کے جگہ دیے گئے فون سیٹس کے حوالے سے بھی یہی خبریں سامنے آئیں تھیں۔

امریکا میڈیا کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز کی ایک پرواز کو اس وقت خالی کرانا پڑا، جب وہاں ایک مسافر کے گیلیکسی نوٹ سیون نے آگ پکڑ لی۔ اس جہاز پر مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 75 افراد سوار تھے، جنہیں جہاز سے نکالا گیا۔ یہ فون اس واقعے سے دو ہفتے قبل متبادل کے طور پر دیا گیا تھا۔