1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسکر ایوارڈز کے میزبان: این ہیتھ وے اور جیمز فرانکو

30 نومبر 2010

فلمی صنعت کے انتہائی معتبر ایوارڈز کی حتمی تقریب میں بظاہر تین ماہ کے قریب کا عرصہ ابھی باقی ہے، لیکن اس کی عملی تیاریوں کے سلسلے کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ اب تقریب کے کمپیئرز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/QLfz
این ہیتھ وے: فائل فوٹوتصویر: APimages

اکیڈیمی ایوارڈز کی انتظامیہ نے اداکاروں جیمز فرانکو (James Edward Franco) اور خوبرو این ہیتھ وے (Anne Hathaway) کو مشترکہ طور پر اگلے ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں نظامت کے فرائض سونپنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان میں دونوں اداکاروں کو بے شمار صلاحیتوں کا حامل قرار دیتے ہوئے اگلی نسل کے لئے ہالی وُڈ آئیکون تصور کیا جا رہا ہے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ ہیتھ وے اور فرانکو اصل میں مشہور کمپیئروں سٹیو مارٹن اور ایلک بالڈوین کی راہ پر چل پڑے ہیں۔ اس مناسبت سے یہ بھی اہم ہے کہ امریکی اداکارہ این ہیتھ وے کو اس تقریب کی میزبانی بھی سونپی گئی ہے جس میں رواں سال کے نوبل انعام یافتہ افراد کو اعزازات دیئے جائیں گے۔ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہولم میں یہ تقریب دس دسمبر کو منعقد ہو گی۔ امریکہ اور یورپ میں ، فیشن اور گلیمر کی دنیا میں اکیڈیمی ایوارڈ کی میزبانی کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔

Julia Roberts und James Franco in einer Szene vom Film "Eat, Pray, Love"
جیمز فرانکو اور جولیا رابرٹستصویر: AP

اٹھائیس سالہ این جیکولین ہیتھ وے کو سن 2008 ء میں آسکر ایوارڈ کے لئے نامزدگی حاصل ہوئی تھی۔ ہیتھ وے کئی اہم اور مشہور فلموں میں کردار نگاری کرچکی ہیں۔ وہ فلموں میں اداکاری سے پہلے اسٹیج پرفارمنس کیاکرتی تھیں۔ ہیتھ وے امریکی ٹیلی وژن کی کچھ سیریز میں بھی حصہ لے چکی ہیں۔ سن 2008 ء میں ریلیز ہونے والی فلم ‘‘ ریچل گیٹنگ میریڈ ’’ جاندار اداکاری پر انہیں بہترین اداکارہ کی کیٹگری میں اکیڈیمی ایوارڈ کی نامزدگی کا اعزاز حاصل ہوا تھا۔ وہ کئی دوسرے مشہور ایوارڈز کی حامل اداکارہ ہیں۔

بتیس سالہ جیمز ایڈورڈ فرانکو امریکی اداکار اور ہدایت کار ہیں۔ اس کے علاوہ فرانکو سکرین رائٹر اور مصور بھی ہیں۔ ان کو ہالی وُڈ کی ہمہ جہت نوجوان شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ سپائیڈر مین فلم سیریز میں ہیری اوسبورن کا کردار ادا کرنے پر فرانکو نے شہرت حاصل کی تھی۔ انہیں گولڈن گلوب ایوارڈ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہو چکا ہے۔ اس سال ان کی ایک فلم مشہور اداکارہ جولیا رابرٹس کے ساتھ ‘‘ایٹ، پرے، لو’’ ریلیز ہوئی ہے۔

اکیڈیمی ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب اگلے سال ستائیس فروری کو لاس اینجلس میں منعقد کی جائے گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں