1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسکر ایوارڈز کی دوڑ شروع، ایک فلم بارہ شعبوں میں نامزد

امجد علی14 جنوری 2016

اٹھائیس فروری کو امریکی شہر لاس اینجلس میں اٹھاسی ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریبِ تقسیم منعقد ہو گی۔ اس حوالے سے بہترین فلم، بہترین ہدایتکار اور بہترین اداکاروں سمیت متعدد شعبوں میں نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HdqT
Filmstill The Revenant mit Leonardo DiCaprio als Hugh Glass
فلم ’دی ریوننٹ‘ کے لیے بہترین اداکار کے طور پر نامزد ہونے والے لیونارڈو ڈی کاپریو اب تک ایک بار بھی فلمی دنیا کا یہ اعلیٰ ترین اعزاز حاصل نہیں کر سکے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/20th Century Fox

بہترین فلم سمیت سب سے زیادہ یعنی بارہ نامزدگیوں کے ساتھ ہالی وُڈ میں بننے والی امریکی فلم ’دی ریوننٹ‘ سرِفہرست ہے، جو شمالی امریکا کے جنگلات میں ایک مہم جو کے انتقام کی کہانی پر مبنی ہے۔ دس نامزدگیوں کے ساتھ ایکشن فلم ’میڈ میکس، فیوری روڈ‘ دوسرے نمبر ہے۔

’دی ریوننٹ‘ اور ’میڈ میکس، فیوری روڈ‘ کو بہترین فلم کے شعبے میں جن دیگر فلموں سے مقابلے کا سامنا ہے، اُن میں ’دی بِگ شارٹ‘، ’برِج آف سپائز‘ اور ’بروکلین‘ بھی شامل ہیں۔ اکیڈمی آف موشن پکچرز اینڈ سائنسز کی جانب سے بہترین فلم کے شعبے میں زیادہ سے زیادہ دَس فلمیں نامزد کی جا سکتی ہیں تاہم اس بار اس شعبے میں محض آٹھ فلمیں نامزد کی گئی ہیں۔ اس شعبے میں ہونے والی نامزدگیوں میں سٹار وارز سلسلے کی نئی فلم ’سٹار وارز، دی فورس اویکنز‘ شامل نہیں ہے۔

’دی ریوننٹ‘ کو بہترین فلم نامزد کیا گیا ہے جبکہ اس میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار لیونارڈو ڈی کاپریو کو بہترین اداکار، اس فلم کے ڈائریکٹر الیخاندرو ایناریتو کو بہترین ہدایتکار جبکہ ٹوم ہارڈی کو بہترین معاون اداکار کے طور پر بھی نامزد کیا گیا ہے۔

فلم ’میڈ میکس، فیوری روڈ‘ کے لیے آسٹریلوی فلم ساز جورج مِلّر کو بہترین ڈائریکٹر کے شعبے میں نامزد کیا گیا ہے۔

لیونارڈو ڈی کاپریو اب تک ایک بار بھی فلمی دنیا کا یہ اعلیٰ ترین اعزاز حاصل نہیں کر سکے ہیں۔ اس بار بہترین اداکار کے طور اُن کا مقابلہ فلم ’ٹرمبو‘ کے اداکار برائن کرینسٹن اور مریخ کی مہم پر بننے والی فلم ’دی مارسین‘ کے مَیٹ ڈیمن بھی شامل ہیں۔ اس کیٹیگری میں مائیکل فاسبینڈر بھی شامل ہیں، جنہوں نے فلم ’اسٹیو جابز‘ میں ٹیکنالوجی کے وژنری کو فلم کے پردے پر پیش کیا ہے۔ بہترین اداکار کا آسکر اعزاز ایڈی ریڈ مین کے حصے میں بھی آ سکتا ہے، جنہوں نے فلم ’دی ڈینش گرل‘ میں مختلف جنسوں کی جانب جھکاؤ رکھنے والے فنکار للّی ایلبے کا کردار نبھایا ہے۔

Sharmeen Obaid Chinoy Regisseurin von Three Braves/Teen Bahadur
بہترین دستاویزی فلم کے شعبے میں پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنوئے کی غیرت کے نام پر بننے والی فلم ’دی گرل اِن دی ریور‘ بھی شامل ہےتصویر: SOC Films

بہترین اداکارہ کے شعبے میں دو ایسی اداکارائیں نامزد ہوئی ہیں، جو گزشتہ برسوں میں آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ یہ ہیں، کیٹ بلینچٹ اور جینیفر لارنس۔ بلینچٹ کو یہ نامزدگی فلم ’کیرل‘ کے لیے ملی ہے، جس میں خواتین کے درمیان جنسی محبت کی ایک رومانی داستان پیش کی گئی ہے۔ جینیفر لارنس کو یہ نامزدگی فلم ’جوائے‘ کے لیے ملی ہے، جس میں ایک خاتون گھر کی صفائی کے لیے ایک انوکھا جھاڑو ایجاد کرتے ہوئے امریکا کی امیر ترین خواتین میں شمار ہونے لگتی ہے۔ بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں نامزد اداکاراؤں میں ’روم‘ کی مرکزی اداکارہ بری لارسن، ’فورٹی فائیو ایئرز‘ کی ہیروئن شارلٹ ریمپلنگ اور ’بروکلین‘ میں مرکزی کردار نبھانے والی اداکارہ سوئرشے رونن بھی شامل ہیں۔

بہترین دستاویزی فلم کے شعبے میں دنیا بھر سے جو پانچ فلمیں نامزد کی گئی ہیں، اُن میں پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنوئے کی غیرت کے نام پر بننے والی فلم ’دی گرل اِن دی ریور، دی پرائس آف فارگِونیس‘ بھی شامل ہے۔ شرمین اس سے پہلے 2012ء میں اپنی ایک دستاویزی فلم کے لیے بہترین دستاویزی فلم کا آسکر ایوارڈ جیت چکی ہیں۔

آسکر ایوارڈز کی اٹھائیس فروری کو منعقد ہونے والی تقریبِ تقسیم کی میزبانی معروف کامیڈین کرس راک کریں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید