آسٹریلین اوپن: نادال چمپئین، فیڈریر کی آنکھیں پرنم
2 فروری 2009اسپین کے سٹار ٹینیس کھلاڑی نادال نے سویٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو سات۔پانچ، تین۔چھ، سات۔چھ، تین۔چھ اور چھ۔دو سے ہرایا۔ پانچ سیٹوں پر مشتمل یہ پُرتناوٴ فائنل مقابلہ چار گھنٹےتئیس منٹ تک جاری رہا اور بالآخر نادال کامیاب قرار پائے۔ میچ ختم ہونے کے بعد آنسووں میں ڈوبے فیڈرر نے صرف اتنا کہا: ’’ گاڈ، اٹ از کلنگ می۔‘‘ آسٹریلین اوپن مینز سنگلز خطاب جیتنے والے نادال نے جواب میں کہا: ‘‘ ساری فار ٹوڈے ۔‘‘ مردوں کے سنگلز فائنل میں نادال نے اپنی زبردست فارم کو جاری رکھا۔
دُنیا بھر کے ٹینیس مداحوں کی نظریں اسں مقابلے پر لگی ہوئی تھیں۔ اگر راجر فیڈرر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں نادال کو شکست دیتے تو وہ شہرہء آفاق سابق امریکی ٹینس سٹار پیٹ سمپراس کے چودہ گرینڈ سلیم ریکارڈ کی برابری کرنے میں کامیاب ہوجاتے۔
دوسری طرف ثانیہ مرزا اور مہیش بھوپتی کی بھارتی جوڑی نے آسٹریلین اوپن کا مکسڈ ڈبلز ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔ بھارتی جوڑی نے Nathalie Dechy اورAndy Ram کی جوڑی کو دو سیدھے سیٹوں میں چھہ۔تین اور چھہ۔ایک سے شکست دی۔
خیال رہے کہ خواتین سنگلز کا فائنل امریکی کھلاڑی سیرینا ولیمز نے جیتا تھا۔ ولیمز نے فائنل میں روسی حریف دینارا سافینا کو شکست دی تھی۔