1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: عالمی نمبر ایک اور دو آمنے سامنے

عاطف توقیر30 جنوری 2009

آسٹریلین اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں اسپین کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی رافائل نادال اپنے ہم وطن فیرنانڈو وارداسکو کو شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر گئے ہیں جہاں ان کا مقابلہ عالمی نمبر دو راجر فیڈرر سے ہو گا۔

https://p.dw.com/p/GkGA
عالمی نمبر ایک رافائل نادال اور عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کی اے ٹی پی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ ہیمبرگ کی ایک یادگار تصویرتصویر: picture-alliance /dpa

رافائل نادال نے سیمی فائنل میں 14ویں نمبر کے عالمی کھلاڑی فیرنانڈو وارداسکو کو طویل جدوجہد کے بعد پانچ سیٹس کے کھیل میں چھ سات، چھ چار، سات چھ، چھ سات اور چھ چار سے شکست دی۔

Tennis Master Cup Rafael Nadal Shanghai, China
رافائل نادال اس ایونٹ میں بھرپور فارم میں نظر آئے تاہم سیمی فائنل میں ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں تھیتصویر: AP

عالمی نمبر ایک کو کھیل کے پہلے سیٹ میں ناکامی کے بعد کافی محنت اور قوت صرف کرنا پڑی۔ اس ٹورنامنٹ میں اپنی بھرپور فارم میں نظر آنے والے نادال عالمی نمبر چودہ کو بے بس کرنے میں مکمل کامیاب دکھائی نہ دئے۔ اس سیمی فائنل کے بارے میں توقع کی جارہی تھی کہ یہ یک طرفہ ہو گا اور زیادہ طویل اور دلچسپ کھیل دیکھنے کو نہیں ملے گا مگر شائقین کو ایک زبردست اور سنسنی خیر میچ دیکھنے کا موقع ملا۔

Roger Federer
راجر فیڈرر اس ایونٹ کے آغاز میں اگرچہ فارم کی تلاش میں دکھائی دئے تاہم کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں بھرپور فارم میں نظر آئےتصویر: AP

آسٹریلین اوپن کے فائنل میں عالمی نمبر ایک رافائل نادال اور عالمی نمبر دو راجر فیڈرر کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ راجر فیڈرر اس ایونٹ کے آغاز پر بھرپور فارم میں دکھائی نہیں دے رہے تھے تاہم کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میں ان کی کارکردگی میں واضح فرق دکھائی دیا۔ کوارٹر فائنل میں دیل پوترو کے خلاف کھیلتے ہوئے چھ تین ، چھ صفر اور چھ صفر سے فیڈرر کی کامیابی ان کے شائقین کو ہمیشہ یاد رہے گی۔

اس ایونٹ میں نادال کی بہتر پرفارمنس اور سیمی فائنل میں فتح کے باوجود مبصرین فائنل کو رافائل نادال کے لئے مشکل قرار دے رہے ہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ اگر نادال کی جانب سے سیمی فائنل جیسی کارکردگی کا مظاہرہ فائنل میں بھی سامنے آیا تو شاید فیڈرر ان کی ہر غلطی کو پوائنٹس ٹیبل پر آویزاں کر دیں گے۔