1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا کی ایک اور جیت، حوصلے بلند

16 جنوری 2011

سات ایک روزہ میچوں کے سلسلے میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن کی عمدہ اور دلکش اننگز نے انگلش ٹیم کو پوری طرح چت کر دیا۔

https://p.dw.com/p/zyOR
تصویر: AP

میلبورن میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور 49.4 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 294 رنز کا اچھا سکوربنایا لیکن آسٹریلیا نے 49.1 اوورز میں 297 رنز بنا کر یہ میچ جیت لیا۔

کھیل کے ہیرو شین واٹسن رہے جنہوں نے اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی۔ انہوں نے چار چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے 161 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے ہیڈن نے انتالیس، کپتان کلارک نے چھتیس جبکہ کیمرون وائٹ نے پچیس رنز بنائے۔ انگلش بولروں میں سے نمایاں بولر ٹم بریسنن رہے جنہوں نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اجمل شہزاد اور سوان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Kevin Pieterson
انگلش کھلاڑی کیون پیٹرسن نے 78 رنز بنائےتصویر: AP

اس سے قبل جب انگلش ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز سٹیون ڈیوس اور کپتان اینڈریو سٹراؤس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں نوے رنز بنائے۔ ذاتی طور پر سٹراؤس نے تریسٹھ جبکہ ڈیوس نے بیالس رنز اسکور کیے۔ نمایاں انگلش بلے باز کیون پیٹرسن رہے جنہوں نے 78 رنز بنائے اور رن آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلوی بولروں میں سے بریٹ لی، مچل جانسن اور اسمتھ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کھیل کا بہترین کھلاڑی شین واٹسن کو قرار دیا گیا۔ سات ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دوسرا ایک روزہ میچ اکیس جنوری کو ہوبرٹ میں کھیلا جائے گا۔

ایشز میں ناکامی کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کرنے بعد اب پہلا ون ڈے بھی اپنے نام کر لیا ہے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب آسٹریلیا کا کھویا ہوا اعتماد بھی واپس آتا جا رہا ہے اور آئندہ میچوں میں اس کی کارکردگی مزید بہتر ہو جائے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں