1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا میں کریڈٹ کارڈ فراڈیے گرفتار

15 اگست 2011

آسٹریلوی حکام نے ملائشیا اور سری لنکا سے تعلق رکھنے والے پانچ افراد کو بینک کارڈز نظاموں پر حملوں اور بین الاقوامی دغا بازوں کے ایک گروپ کا حصہ ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/12GeU
تصویر: AP

آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے انسداد دھوکہ دہی اسکواڈ سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار نے پیر 15 اگست کو بتایا کہ ان افراد کو سڈنی میں گرفتار کیا گیا۔ ڈیٹکٹیو سپرنٹنڈنٹ کول ڈائسن Col Dysonکے مطابق ان افراد کی گرفتاری ان کی طرف سے مبینہ طور پر آسٹریلیا، یورپ اور شمالی امریکہ میں کی گئی دھوکہ دہی کی وارداتوں کی کئی ماہ پر مبنی سراغ رسانی کے بعد عمل میں آئی ہے۔ کول ڈائسن کا مزید کہنا تھا: ’’نیو ساؤتھ ویلز پولیس فورس دھوکہ دہی سے متعلق جرائم کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے اور آج کا یہ آپریشن مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی دھوکہ باز گروہ کو جڑ سے اکھاڑنے کے سلسلے میں ایک اہم پیشرفت ہے۔‘‘

یہ گروہ ایسے لوگوں کے کریڈٹ کارڈز یا ڈیبٹ کارڈز کا ڈیٹا چوری کر لیتا تھا جو ادائیگی کرنے والی مشینوں میں اپنے کارڈ استعمال کرتے تھے
یہ گروہ ایسے لوگوں کے کریڈٹ کارڈز یا ڈیبٹ کارڈز کا ڈیٹا چوری کر لیتا تھا جو ادائیگی کرنے والی مشینوں میں اپنے کارڈ استعمال کرتے تھےتصویر: AP

اطلاعات کے مطابق اس گروپ کے پاس انتہائی جدید ٹیکنالوجی موجود تھی جس کے ذریعے یہ ایسے لوگوں کے کریڈٹ کارڈز یا ڈیبٹ کارڈز کا ڈیٹا چوری کر لیتا تھا جو ادائیگی کرنے والی مشینوں میں اپنے کارڈ استعمال کرتے تھے۔

گرفتار کیے گئے افراد پر جو الزامات عائد کیے گئے ہیں ان میں دھوکہ دہی، ڈاکہ، جرائم پیشہ گروہ کا حصہ ہونے اور ایسے آلات قبضے میں رکھنے کے الزامات شامل ہیں، جن کے ذریعے کسی فرد کی شناخت کی دستاویزات تیار کی جا سکتی ہیں۔

اس دھوکہ باز گروہ کے ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کے دوران پولیس نے ایسی مشینیں بھی قبضے میں لی ہیں، جو بینک کے ذریعے رقوم کی ترسیل میں استعمال ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ لیپ ٹاپ کمپیوٹرز، متعدد موبائل فونز، نقد رقوم، جعلی سفری دستاویزات اور کینیڈا کے متعدد کریڈٹ کارڈز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک