آسٹریلوی فوجیوں پر افغان شہریوں کی ہلاکت کے الزام ختم
30 اگست 2011ان پر الزام تھا کہ وہ 2009ء میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران چھ افغان شہریوں کی ہلاکت میں ملوث تھے، جن میں سے پانچ بچے تھے۔ یہ تینوں فوجی، جن کے نام نہیں بتائے گئے، آسٹریلیا کے وہ پہلے فوجی تھے، جن پر جنگ میں عام شہریوں کی ہلاکت سے متعلق فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ ان فوجیوں کا کہنا تھا کہ افغانستان کے صوبہ اروزگان کے ایک مکان سے ان پر فائرنگ کی گئی تھی اور دستی بم پھینکے گئے تھے، جس کے بعد انہوں نے اس مکان پر دھاوا بول دیا تھا۔
آسٹریلوی فوج کی جانب سے ان فوجیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے فیصلے پر سخت عوامی رد عمل دیکھنے میں آیا تھا اور ان کے خلاف الزامات ختم کرانے کے لیے 20 ہزار سے زائد شہریوں نے ایک درخواست پر دستخط بھی کیے تھے۔
منگل کو آسٹریلوی وزیر دفاع اسٹیفن اسمتھ نے کہا کہ وہ فوج کے قانونی شعبےکی ڈائریکٹر بریگیڈیر لِن میک ڈیڈ سے اس بارے میں رپورٹ طلب کریں گے کہ انہوں نے ملزمان کے خلاف الزامات عائد کرنے کا فیصلہ کیوں کیا اور یہ مقدمات کس وجہ سے ناکام رہے۔
اسکائی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’یہ پہلا موقع ہے کہ حقیقی جنگ کے دوران ہمارے تین فوجیوں پر بے ارادہ قتل کے الزامات عائد کیے گئے۔‘‘ وزیر دفاع نے کہا کہ اب جبکہ اس معاملے کی گرد بیٹھ چکی ہے، ہمیں اس کا مکمل جائزہ لینا چاہیے۔ اسٹیفن اسمتھ نے کہا کہ وہ وزارت دفاع کے سینئر حکام اور فوجی کمانڈروں سے بھی اس معاملے پر مشاورت کریں گے۔
گزشتہ ستمبر میں ان فوجیوں پر بے ارادہ قتل، خطرناک طرز عمل اور قانونی حکم کی تعمیل نہ کرنے کے الزامات عائد کرنے کے بعد سے ملکی فوج کے قانونی شعبے کی ڈائریکٹر بریگیڈیر لِن میک ڈیڈ کو عوام اور فوجی افسران کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ دو فوجیوں نے افغانستان میں اُن شہری ہلاکتوں کا الزام ایک باغی پر لگایا تھا۔ تاہم وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ انہیں لِن میک ڈیڈ کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔
آسٹریلیا کی دفاعی فورس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈیوڈ ہرلے نے کہا کہ اس قانونی کارروائی کے ذریعے فوج نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ تینوں ملزمان کو منصفانہ سماعت کا موقع ملے اور فوج کے قانونی عمل کی دیانت داری قائم رہے۔
آسٹریلیا میں افغان جنگ کے لیے عوامی حمایت میں کمی آ چکی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے تک اس جنگ میں مارے جانے والے آسٹریلوی فوجیوں کی تعداد 29 تک پہنچ چکی تھی۔ آسٹریلیا کے 1550 فوجی افغانستان میں تعینات ہیں جو نیٹو سے باہر کسی ملک کا سب سے بڑا فوجی دستہ ہے۔
رپورٹ: حماد کیانی
ادارت: مقبول ملک