1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلوی حکومت کی تحفظ ماحول کی کوششیں

عروج رضا15 مئی 2009

آسٹریلیا کی حکومت نے پارلیمان میں تحفظ ماحول کے سلسلے میں سبز مکانی گیسوں کے اخراج سے متعلق حقوق کی تجارت کا ایک مسودہء قانون پیش کردیا ہے جس کی منظوری کا زیادہ امکان نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/Hqnq
تصویر: AP/Bureau of Meteorology

آسٹریلیا کے وزیر اعظم Kevin Rudd نے خبردار کیا ہے کہ اگر پارلیمان میں کاربن گیسوں کے اخراج سے متعلق تجارتی حقوق کے بارے میں یہ مسودہ منظور نہ ہوا تو وہ قبل از وقت انتخابات کا اعلان کرسکتے ہیں۔ یہ مسودہء قانون وزیر اعظم Rudd کی اصلاحات کی سیاست کا مرکزی حصہ ہے اور اس کا مقصد آسٹریلیا میں تحفظ ماحول کی سرکاری کوششوں کو بہتر بنانا ہے۔ اس قانون کی منظوری کے لئے حکومت وہ سات اضافی ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جو اسے ایوان بالا یا سینیٹ میں اس قانون کی منظوری کے لئے لازمی طور پر درکار ہوں گے۔

وزیر اعظم کے اس بیان کے نتیجے میں قدامت پسند بزرگ سیاست دان Wilson Tuckey نے کہا کہ انہیں شک ہے کہ حکومت قبل از وقت انتخابات ہی کو ترجیح دے گی کیونکہ زہریلی گیسوں کے اخراج کے حقوق سے متعلق یہ مسودہ ایک عوامی تنازعہ بن جائے گا۔ اس لئے کہ اس قانون کی وجہ سے آسٹریلیا کے عوام کے لئے توانائی اور ایندھن پر اٹھنے والے اخراجات میں اضافہ ممکن ہے۔

گرینز پارٹی کے رہنما Bob Brown کے بقول حکومت کے پاس قبل از وقت انتخابات کروانے کا کوئی جواز نظر نہیں آتا اور وزیر اعظم Kevin Rudd قبل از وقت انتخابات کا حوالہ دے کر بہت سے مختلف معاملات کو غیر ضروری طور پر اکھٹا کررہے ہیں۔ گرینز پارٹی کے اس رہنما نے وزیر اعظم کو فی الحال نئے انتخابات نہ کروانے کا مشورہ دیا ہے۔

آسٹریلیا میں معمول کے مطابق انتخابات اگلے برس کے آخر میں متوقع ہیں۔ وزیر اعظم Rudd کی حکومت کو پارلیمانی ایوان زیریں میں کل 150 میں سے 83 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔