1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آرٹ کے دلدادہ فرانسوا پینوکے ذاتی فن پاروں کی نمائش

12 اپریل 2011

وینس ایک رومانوی شہر ہے۔ اٹلی کا شہر فن و ثقافت کی سرگرمیوں کی وجہ سے بھی شہرت رکھتا ہے۔ آجکل اس شہر میں فرانسوا پینو کے اس کلیشن کی نمائش جاری ہے، جو ان کی ذاتی ملکیت ہے۔ یہ نمائش لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/10rss
تصویر: picture-alliance/ZB

دنیا بھر سے ہر سال لاکھوں افراد وینس کے آرٹ گیلریز میں نمائشیں دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ پھرجب بات فرانسوا پینو کی ہو تو کشش اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ فرانس کے ارب پتی تاجر پینو آرٹ کی دنیا کی ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ ان کی وجہ شہرت یہ بھی ہے کہ ان کے پاس مختلف فنکاروں کے شاہکاروں کا بہترین انتخاب موجود ہے اور دن بہ دن اس میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں جدید آرٹ کے سب سے زیادہ نمونے ان کی ہی ملکیت ہیں۔ اسی حوالے سے کئی مرتبہ ان کی مختلف انداز میں پذیرائی بھی کی جاتی رہی ہے۔ فرانسوا پینوکا ذاتی کلیکشن اس وقت وینس کی ’پُنتَا ڈیلا دوگانا‘ گیلری کی زینت بنا ہوا ہے۔

The Guggenheim Collection Eine künstliche Barriere aus blauem, rotem und blauem fluoreszierendem Licht des Künstlers Dan Flavin steht am Donnerstag, 20. Juli 2006, in der Bundeskunsthalle in Bonn
وینس کا گوگن ہائم میوزیم بھی فرانسوا پینو کے مالی تعاون سے چل رہا ہے

اس نمائش کو’In Praise of Doubt‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ماڈرن آرٹ کی اس نمائش میں بے تکے اور عجیب الخلقت چہرے، بغیر سرکا گھوڑا اور ایک امریکی قحبہ خانے کے منظر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ 15ویں صدی میں قائم کی گئی یہ گیلری اپنی خاص بناوٹ کے حوالے سے بہت ہی مشہور ہے اور کسی بھی مصور کے لیے ایک اعزاز کی بات ہوتی ہے کہ وہ یہاں اپنے شاہکاروں کی نمائش کر سکے۔ بڑی بڑی کھڑکیاں، اونچی چھت، ہال کے درمیان سے چھت تک شہتیر اور باہر وینس کا خوبصورت رومانوی منظر اس گیلری میں لگی ہوئی کسی بھی نمائش کو چار چاند لگا دیتا ہے۔74 سالہ فرانسوا پینو 2007ء میں ایک مقابلے میں سرفہرست رہے تھے، جس کے بعد سے انہوں نے اس گیلری کو جدید آرٹ سے منسوب کر دیا تھا۔

فرانسوا پینو کی آرٹ کے حوالے سے بہت ہی نمایاں خدمات ہیں۔ وینس کا گوگن ہائم میوزیم بھی انہی کے مالی تعاون سے اپنا انتظام چلا رہا ہے۔ اس کے علاوہ پلازو گراسی گیلری بھی انہی کی ملکیت ہے۔ فرانسوا پینو نے اس نمائش کے شروع ہونے سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس نظریے کو تسیلم نہیں کرتے کہ فن کی دنیا میں اختراع کچھ صدیوں میں ختم ہو جائے گا۔ ’’ مجھے یہ سن کر بہت افسوس بھی ہوا اور مایوسی بھی ہوئی۔ دنیا میں ہمیشہ سے تخلیق کار موجود ہیں اور خداداد صلاحیتوں کے مالک مصوروں کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا ‘‘۔ In Praise of Doubt کے دروازے31 دسمبر تک شائقین فن کے لیے کھلے رہیں گے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت: شامل شمس