1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی پی ایل میں برائن لارا کی واپسی

22 دسمبر 2010

بین الاقوامی کرکٹ کے تیزی سے ابھرتے ہوئے نئے انداز، ٹوئنٹی ٹوئنٹی کی انڈین پریمیئر لیگ میں ایک بار پھر پاکستانی کھلاڑی جلوہ گر نہیں ہوں گے البتہ لارا کی واپسی ہورہی ہے۔

https://p.dw.com/p/zo9W
تصویر: picture-alliance/Eventpress Radke

پیسے اور رنگینی سے سجے کرکٹ کے ان مقابلوں کے تازہ سلسلے کے لئے نیلامی میں پیش کئے جانے والے 416 کرکٹرز کی فہرست میں کوئی بھی پاکستانی شامل نہیں۔ کرکٹ کے دیوانوں کے لئے ایک اچھی خبر یہ ہےکہ مایہ ناز ویسٹ انڈین کھلاڑی برائن لارا آئی پی ایل کھیلنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔ 41 سالہ لارا اپریل 2007ء میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔

اگلے سال جنوری کی 8 اور 9 تاریخ کوبینگلور میں کھلاڑیوں کی فہرست آئی پی ایل میں شریک ٹیموں کے سامنے پیش کی جائے گی۔ اس دوران جو بھی ٹیم کسی کھلاڑی کے زیادہ دام لگائے گی وہ کھلاڑی پورے سیزن کے لئے اسی کا ہو جائے گا۔

Bollywoodschauspielerin Shilpa Shetty
شین وارن راجھستان رائلز کی شلپا شیٹھی کے ہمراہ، فائل فوٹوتصویر: UNI

2008ء میں آئی پی ایل کے افتتاحی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے جوہر دکھائے تھے تاہم ممبئی حملوں کے تناظر میں سلامتی کو لاحق خطرات کے سبب وہ 2009ء کے مقابلوں میں شریک نہ ہوئے جبکہ 2010ء میں انہیں مکمل طور پر نذر انداز کیا گیا۔ اس سال بھی پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب مثبت رویہ نہیں رکھا گیا۔ آئی پی ایل ذرائع کے مطابق چونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کسی بھی خواہش مند کھلاڑی کا نام انہیں موصول نہیں ہوا اسی لئے پاکستانی کھلاڑیوں کے نام2011ء کے مقابلوں میں فی الحال شامل نہیں۔

مجموعی طور پر لگ بھگ چار سو غیر ملکی کھلاڑیوں نے آئی پی ایل کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ان کی ابتدائی قیمت 20، 30 اور 40 ہزار امریکی ڈالر سے ہوگی، جو بولی کے دوران بتدریج بڑھے گی۔

آسٹریلیا کے بلے باز رکی پونٹنگ، مائیکل کلارک اور تیز گیند باز مچل جونسن آئی پی ایل کے مقابلوں میں شرکت کے خواہش مند نہیں۔ گزشتہ مقابلوں میں 1.5 ملین ڈالر کے عوض چنئی کی ٹیم کے لئے کھیلنے والے انگلش کھلاڑی اینڈریو فلنٹوف ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔اس سال آئی پی ایل میں گزشتہ دو برسوں کے مقابلے میں آٹھ کے بجائے دس دستے حصہ لیں گے۔ نئے دستوں میں سے ایک کوچی اور دوسرا پونے کا ہے۔

Lalit Modi ehemaliger Chef der indischen Cricketliga IPL
للت مودیتصویر: AP

ممبئی انڈینز نے مایہ ناز بھارتی بلے باز سچن تندولکر کے علاوہ ہربھجن سنگھ اور سری لنکن گیند باز ملنگا کو ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑی نیلامی میں چُنے جائیں گے۔ اسی طرح چنئی سپر کنگز نے بھارتی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی، سُریش رائنا اور جنوبی افریقی آل راؤنڈر البی مورکل کو ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شین وارن اور شین واٹسن راجھستان رائلز کے ساتھ رہیں گے جبکہ وریندر سہواگ دہلی ڈیر ڈیلوز کے لئے کھیلیں گے۔

مقابلوں کا آغاز 8 اپریل سے ہورہا ہے جو 22 مئی تک جاری رہیں گے۔ اس سال یہ مقابلے پہلی بار اپنے ’خالق‘ للت مودی کے بغیر ہوں گے جنہیں بدعنوانی کے الزامات کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے برطرف کر دیا ہے۔ ان کے خلاف 4.68 ارب بھارتی روپے کے غبن سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں