1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی فون اور آئی پیڈ کے نئے ماڈلز

افسر اعوان20 مارچ 2016

معروف امریکی کمپنی ایپل کی طرف سے آئی فون اور آئی پیڈ کے نئے ماڈلز متوقع طور پر کل پیر کے روز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق تیزی سے ترقی کرتی مارکیٹ میں اس طرح ایپل کو اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

https://p.dw.com/p/1IGYy
Apple logo
تصویر: Reuters/M. Rehle

امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سیلیکان ویلی میں قائم ایپل کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں کل یعنی پیر 21 مارچ کو ایک میڈیا ایونٹ رکھا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ ایپل نسبتاﹰ چھوٹے اسکرین سائز کا آئی فون متعارف کرائے گا جس کا مقصد فائیو ایس اور فائیو سی کی جگہ لینا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس ڈیوائس کو آئی فون ایس سی یا آئی فون فائیو ایس سی کا نام دیا جائے گا۔

ٹیکنالوجی انڈسٹری پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق اس طرح موبائل ڈیوائسز کی فروخت کے حوالے سے روایتی طور پر نسبتاﹰ سست سیزن میں ایپل کمپنی کو اپنی فروخت بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ جبکہ موجودہ آئی فون سِکس کی جگہ بڑے اسکرین سائز والے آئی فون کو رواں برس کے اختتام میں ہی متعارف کرایا جائے گا۔ خیال رہے کہ ایپل کی طرف سے عام طور پر آئی فون کا نیا ماڈل سال کے آخر میں ہی متعارف کرایا جاتا رہا ہے۔ تاہم ایپل کی روایت کی طرح پیر کے روز ہونے والی تقریب کے بارے میں کوئی بھی اطلاع یا خبر عام نہیں کی گئی۔

امید کی جا رہی ہے کہ ایپل نسبتاﹰ چھوٹے اسکرین سائز کا آئی فون متعارف کرائے گا جس کا مقصد فائیو ایس اور فائیو سی کی جگہ لینا ہے
امید کی جا رہی ہے کہ ایپل نسبتاﹰ چھوٹے اسکرین سائز کا آئی فون متعارف کرائے گا جس کا مقصد فائیو ایس اور فائیو سی کی جگہ لینا ہےتصویر: Getty Images/A. Burton

پیر کے روز ہونے والی تقریب میں امید کی جا رہی ہے کہ ایپل کی طرف سے اسمارٹ واچ کا نیا ماڈل بھی متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ آر بی سی کیپٹل مارکیٹس کے مطابق آئی فون کی طرف سے چھوٹی اسکرین کا حامل نیا فون متعارف کرائے جانے سے آئی فون کے ایسے صارفین کو واپس لانے میں مدد ملے گی جو بہت بڑی اسکرین کو پسند نہیں کرتے اور اسی باعث دیگر اینڈرائڈ فونز کی طرف متوجہ ہوئے ہیں۔ آر بی سی کے اندازوں کے مطابق ایپل کے اس نئے اسمارٹ فون کی فروخت 10 سے 15 ملین سالانہ تک ہو سکتی ہے۔ اس طرح آئی فون کے صارفین کو سال کے آخر میں متوقع آئی فون سیون سے قبل اپنے موبائل کو اپ گریڈ کرنے کا موقع بھی مل سکے گا۔

ٹیکنالوجی کی دنیا پر نظر رکھنے والے ماہرین توقع کر رہے ہیں کہ ایپل کے اس نئے آئی فون سیٹ کی قیمت نسبتاﹰ کم رکھی جائے گی۔ بڑی اسکرین والے موجودہ آئی فون سِکس کی قیمت 650 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے۔ نئے فون کی قیمت رکھنے سے ایپل کو موقع مل سکے گا کہ وہ ان صارفین کو بھی اپنی طرف مائل کر سکے جو بہت زیادہ مہنگے فون سیٹ نہیں خرید سکتے۔

رپورٹوں کے مطابق پیر 21 مارچ کو ہونے والی تقریب کے دوران ایپل نیا آئی پیڈ بھی متعارف کرائے گا جو خاص طور پر کاروباری افراد کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔