1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئرلینڈ کے عام انتخابات، اپوزیشن جماعت کی جیت

27 فروری 2011

آئرلینڈ میں جمعہ 25 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں اپوزیشن جماعت Fine Gael نے برتری حاصل کر لی ہے۔ مقامی میڈیا میں حکمران جماعت کی ہار کو ’’سیاسی زلزلہ‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/10Q88
اپوزیشن رہنما اینڈا کینیتصویر: AP

ابھی تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اپوزیشن جماعت Fine Gael 57 جبکہ لیبر پارٹی 30 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ حکمران جماعت فیانا فوآئل کو صرف 13 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ اپوزیشن جماعت Fine Gael کے سربراہ اینڈا کینی کے مطابق ان کی جماعت کو مینڈیڈیٹ مل گیا ہے کہ وہ ملک میں نئی حکومت بنائے۔ تاہم توقع کی جارہی ہے کہ فینے گیل کو حکومت بنانے کے لیے لیبرپارٹی سے اتحاد بنانا ہوگا۔ ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق لیبرپارٹی کو اپنی تاریخ کےسب سے زیادہ یعنی 20.5 فیصد ووٹ ملے ہیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق 14برس سے برسراقتدار جماعت فیانا فوآئل کو محض 15 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ 1921ء میں آئرلینڈ کی برطانیہ سے آزادی کے بعد کسی بھی سیاسی جماعت کی حمایت میں یہ سب سے بڑی کمی ہے۔ Fianna Fail کی شکست نے اسے معاشی بحران کے سبب گرنے والی پہلی یورپی حکومت بنا دیا ہے۔

فیانا فوآئل کو آئرلینڈ کے معاشی بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے۔ شدید اقتصادی بحران سے نکلنے کے لیے ڈبلن حکومت کو گزشتہ برس آئی ایم ایف اور یورپی یونین سے امداد طلب کرنا پڑی تھی، جس سے اس جماعت کی عوامی حمایت کو شدید دھچکہ پہنچا۔

Brian Cowen erklärt Rücktritt NO FLASH
برائن کوین اس مرتبہ وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل نہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ملکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن جماعت فینے گیل کے سربراہ اینڈا کینی نے توقع ظاہر کی کہ وہ ملک میں نئی حکومت بنائیں گے، تاہم آئرلینڈ کو درکار 85 بلین یورو کے امدادی پیکج کی شرائط پوری کرنے کے لیے کرائے جانے والے ان انتخابات میں کامیابی پر انہوں نے زیادہ خوشی کا اظہار نہیں کیا۔

ملکی براڈکاسٹر RTE سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، " ہمارے پاس ضائع کرنے کے لیے کوئی وقت نہیں ہے۔ ملک قرض حاصل نہیں کرپا رہا، بینک قرضے حاصل نہیں کرپا رہے۔ ہم شدید پریشانی کا شکار ہیں۔"

ووٹوں کی گنتی آج اتوار کے دن مکمل ہونے کی توقع ہے، حتمی نتائج کے اعلان کے بعد ہی نئی پارلیمان کی تشکیل ممکن ہوسکے گی تاہم فینے گیل کے ترجمان رچرڈ بروٹن نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ امکانات یہی ہیں کہ فینے گیل بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی اعتدال پسند جماعت لیبر پارٹی کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائے گی۔

ان کا کہنا تھا،" فینے گیل اور لیبرپارٹی 2007ء میں بھی ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دے چکے ہیں، لہذا اس بات کی قوی امید ہے کہ اس مشکل وقت میں یہ دونوں ایک مشترکہ حل تک پہنچ جائیں گی۔"

رپورٹ: افسراعوان/ امتیاز احمد

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید